لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):لیسکو مریدکے ڈویژن نے بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں ملزمان پکڑے گئے جن کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے گئے ہیں ۔ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
اس حوالے سے لیسکو ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف دن رات بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایکسیئن مریدکے کی زیر نگرانی ونڈالہ نثار گائوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن گائوں میں سینکڑوں کنکشن لیسکو کی ایل ٹی لائن سے ڈائرکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ان میں گائوں کا نمبر دار چوہدری صداقت کھوکھر بھی شامل ہے جو کہ ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا۔نمبردار چوہدری صداقت کھوکھر کو بھی سینکڑوں بجلی چوروں کے ساتھ گرفتار کر کیا گیا جبکہ لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لے لیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لیسکو حکام نے 1000بجلی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کروایاجبکہ1328000یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں، بجلی چوری کے مکمل خاتمے پر انسداد بجلی چوری مہم جاری رہے گی۔