اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):خاتم النبیین، سرور کونین حضرت محمدمصطفے ﷺ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے ملک بھر میں عید میلاد النبی ؐ 17 ستمبر منگل کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی،وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام ’’قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں میلاد النبیؐ کے جلوس اور درود و سرور کی محافل ہوں گی، مساجد ، کاروباری مراکز اور اہم نجی و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا اہتمام کیا گیا ہے اور دن کا آغازمساجد اور گھروں میں ملکی ترقی ، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو گا۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ، اکیس توپوں کی سلامی ہو گی۔ عاشقان رسولﷺ ملک بھر میں میلاد جلوسوں کا اہتمام کریں گے جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے بھی ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے تاکہ جلوس کے شرکا کو وسکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ یہ دن پیغمبر آخرالزماں ؐ سے والہانہ محبت ، عقیدت و احترام کے کے جذبے کے ساتھ منایا جاتاہے، مساجد ، مدارس میں محافل قرات و نعت، سیرت طیبہ کے حوالے سے ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا اہتمام کیا جاتاہے ، علمائے کرام نبی کریمؐ کی تعلیمات سے شرکا کے قلوب و اذہان کو منور کرتے ہیں ۔
ماہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی پاکستان بھر میں گھروں، کاروباری مراکز، مساجد اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا آغاز ہو جاتا ہے ، گلی محلوں میں رنگ برنگی جھنڈیاں اور گنبد خضرا کی مناسبت سے جھنڈیوں اور جھنڈوں کی ہر سو بہار ہوتی ہے۔ سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات ہوں گی۔ ملک بھر میں مساجد، کمیونٹی سینٹرز اور نجی گھروں میں محفل میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مذہبی سکالرز ،جید علما کرام ومشائخ عظام اپنے خطبات میں سیر ت النبیﷺ کے موضوع پر خطبات دے رہے ہیں ۔اس کے علاوہ مساجد اور اجتماعات میں پاکستان کی فلاح و بہبود، مسلمانوں کے درمیان یکجہتی اور عالمی امن کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے مسلمان بھی اس مقدس دن کو منا رہے ہیں۔
سعودی عرب، ترکیہ ، مصر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کی جار ہی ہیں۔وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام ’’قومی سیرت کانفرنس‘‘(کل) منگل کوہوگی۔ رواں سال سیرت کانفرنس کا موضوع’’ریاست کا تعلیمی نظام سیرت النبیﷺ کی روشنی میں‘‘ ہے۔ سیرت کانفرنس میں ملک بھر سے جید علماء کرام ، مذہبی سکالرز، ممتاز ثناء خان مصطفیٰ اور سفارتکاروں سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
سیرت کانفرنس کے دوران ریاست کے تعلیمی نظام کوسیرت طیبہ کے مطابق ڈھالنے اور اس کے ثمرات کے حوالے سے علماءکرام اور سکالرز اظہار خیال کریں گے۔ اس موقع پرقومی اورعلاقائی زبانوں میں کتب سیرت، کتب نعت اورمقالات سیرت کے مقابلوں میں کامیاب قرار پانے والے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔