وفاقی وزیرصنعت ، پیداوار رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے ڈائریکٹر سٹیٹ احمد زودہ نورمحمد اتو کی ملاقات

119

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرصنعت ، پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے ڈائریکٹر سٹیٹ احمد زودہ نورمحمد اتو نے ملاقات کی جس میں جمہوریہ تاجکستان کے سفیر شریف زودہ یوسف تویر بھی موجود تھے۔ وزارت صنعت و پیداوار سے جاری اعلامیہ کے مطابق تاجکستان کا وفد 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کے معاہدے پہ دستخط کرے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔ اعلامیہ کے مطابق ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور تاجکستان کے اسٹیٹ ریزرو میٹریل ریزرو کے درمیان معاہدے میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور تاجکستان کا تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے اشیائے خوردونوش میں اہم تجارتی شراکت دار بننے پر اتفاق کیا، دوطرفہ تجارت کو آسان بنانے کے لئے سرحد کے دونوں جانب گودام کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے تاجکستان کی مدد کے لئے تیار ہیں۔احمد زودہ نورمحمد نے کہا کہ تاجکستان پاکستانی مصنوعات کے لئے ایک منافع بخش مارکیٹ ہو سکتی ہے۔