اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ سرکاری شعبے کے رہائشی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، سرکاری ملازمین کو اپنی چھت کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ، سرکاری رہائشی سکیموں میں بنیادی ضروریات سمیت تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنائی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعرات کوسرکاری ملازمین کے رہائشی منصوبے سکائی گارڈنز گرین انکلیوii کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔
وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پراجیکٹ سائٹ کے دورے کے موقع پر کامنرز برج کا افتتاح کیا اور ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ سروس ڈیلیوری سے وزارت کے امور میں واضح فرق لے کر آئیں گے اور سرکاری ملازمین کو ارزاں رہائشی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ پورا کیاجائے گا۔اس موقع پر وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے حکام نے وفاقی وزیر کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایاکہ سکائی گارڈنز گرین انکلیوii اسلام آباد کے نواح میں وزارت ہائوسنگ کا میگا پراجیکٹ ہے،
منصوبہ پر ترقیاتی کام سالوں سے منجمد اور تاخیر کا شکار تھا،رواں برس دسمبر میں الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ دینے کا آغاز ہو گا اور یہ منصوبہ سال 2026 ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ترقیاتی کام میں تیزی اور جلد تکمیل کی ہدایت کی اور کہاکہ سکائی گارڈنز گرین انکلیوii ایک جنت نظیر کوالٹی رہائشی منصوبہ ہے۔