پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کمیشن کی صدر سے گفتگو

پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کمیشن کی صدر سے گفتگو

180

نیویارک۔26ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعظم نے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے ارسلا وان کو یورپی کمیشن کی دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور یورپی یونین کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے ان کے کوششوں کو سراہا۔

جی ایس پی پلس سکیم پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کے صدر کے درمیان یہ ملاقات عالمی امور پر باہمی مفادات اور تعاون پر فعال روابط اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔