علامہ محمد اقبال ؒ کے صاحبزادے ڈاکٹر جاوید اقبال کی برسی 3 اکتوبر کو منائی جائے گی

188

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):شاعر مشرق،مفکر و مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے صاحبزادے ڈاکٹر جاوید اقبال کی برسی 3اکتوبر کو منائی جائے گی۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تعزیتی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ڈاکٹر جاوید اقبال مرحوم کی شاندار قومی، ملکی و ملی خدمات کو سنہری حروف میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

برسی کے موقع پر مرحوم کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔ برسی کے سلسلہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات مرحوم کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔ پاکستان میں عدل وانصاف کے فروغ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ فلسفہ اور علم کے میدان میں بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔مرحوم 3اکتوبر 2015 کو91 برس کی عمر میں انتقال پا گئے تھے ۔