آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سے ملک میں مہنگائی میں کمی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا ،وزیرمملکت علی پرویز ملک

145

لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ چند سال قبل ملک میں ایل سی کھولنے کے لئے ڈالر نہیں تھے، موجودہ حکومت نےمعاشی بحالی کیلئے سخت فیصلے کئے،آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے قرضہ کے حصول سے ملک میں مہنگائی اور امپورٹ میں کمی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔

صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے بھی تقریب میں شرکت کی۔وزیرمملکت علی پرویز ملک نے کہا موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کی بحالی کے لئے سخت فیصلے کئے،آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے قرضہ کے حصول سے ملک میں مہنگائی اور امپورٹ میں کمی جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گے،کوالٹی میڈیسن کا فروغ اور جعلی ادویات کی روک تھام فارما انڈسٹری کے ساتھ مل کر کریں گے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ لائف سیونگ ادویات کی قلت پر قابو پانے میں فارما انڈسٹری حکومت کا ساتھ دے،وزیر اعلی پنجاب مقامی فارما انڈسٹری کے استحکام کے لئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک مستحکم ہونے لگتا ہے فسادی گروہ انتشار پھیلانا شروع کر دیتے ہیں،موجودہ حکومت 45 ارب ڈالر کا سی پیک منصوبہ لیکر آئی جبکہ فسادی حکومت نے اندورنی اور بیرونی سطح پر ملک کوعدم استحکام سے دوچار کیا،ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے دھرنوں اور احتجاج سے ہٹ کر قومی سوچ اپنانی ہوگی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مقامی فارما انڈسٹری کو خودکفیل بناکر اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے،امپورٹ کم کرکے ملکی سطح پر معیاری ادویات تیار کرکے ملک کو مضبوط کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری اور سیاسی استحکام سے ملک خوشحال ہوسکتا ہے۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے فارما انڈسٹری کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔تقریب حلف برداری سے سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں وزیر مملکت برائے خزانہ، صوبائی وزرا صحت نے چیئرمین پی پی ایم اے سعد جاوید اکرم، زونل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سے حلف لیا اور بعد میں سوویئنرز پیش کیں۔پی پی ایم اے نارتھ زون کی تقریب میں میاں مصباح الرحمن، خواجہ شاہزیب اکرم سمیت فارما انڈسٹری کے مالکان کی کثیر تعداد موجود تھی۔