اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاروباری شخصیت چوہدری محمد یونس کی فیک وڈیو وائرل کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی

151
Islamabad High Court
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاروباری شخصیت چوہدری محمد یونس کی فیک وڈیو وائرل کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ پی پی 55 شکرگڑھ سے رکن پنجاب اسمبلی محمود سنگراں کے بھائی معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد یونس کی فیک ویڈیو وائرل کرنے والے تین ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی۔ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو احاطہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ملزمان اقبال چجھوانہ ، امانت علی المعروف فوجی اور طیب سنگراں کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل وسیم بہادر جبکہ ملزمان کی جانب سے احسن رضا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

وسیم بہادر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مدعی مقدمہ معروف مدینہ کیش اینڈ کیری کا مالک اور ممبر پنجاب اسمبلی محمود سنگراں کا بھائی ہے ،ملزمان نے مدعی مقدمہ اور اس کے خاندان کو بدنام کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر جعلی وڈیو اپ لوڈ کی۔وسیم بہادر نے کہا کہ ملزمان اپنا جرم تسلیم کرچکے ہیں ،ملزم ذیشان جو کہ پہلے ہی گرفتار ہوچکا تھا اس نے وڈیو ایڈٹ کر کے معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد یونس کے ساتھ منسوب کر دی۔

وسیم بہادر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان کی ماتحت عدالت نے درخواست ضمانت منسوخ کی تھی تاہم ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ،ملزمان کے قبضہ سے موبائل فون برآمد کرنا درکار ہے لہٰذا ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کی جائے ۔

عدالت نے مدعی مقدمہ کے وکیل وسیم بہادر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی۔ایف آئی اے نے ضمانت خارج ہونے پر تینوں ملزمان اقبال چجھوانہ ، امانت علی المعروف فوجی اور طیب سنگراں کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے فیک وڈیو بنانے کے الزام میں چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی تھی۔مقدمہ کا مرکزی ملزم ذیشان رضا انصاری پہلے ہی گرفتارہے۔