جماعت اسلامی کے زیراہتمام شاہراہ فیصل پر الاقصیٰ ملین مارچ کا انعقاد

162

کراچی۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):جماعت اسلامی کے زیراہتمام شاہراہ فیصل پر ”الاقصیٰ ملین مارچ“ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء میں مرد وخواتین،بچے،بزرگ،نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے،شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں نعرےلگائے۔حافظ نعیم الرحمن کے خطاب کے دوران فضا میں غبارے چھوڑے گئے جن پر فلسطین کا پرچم لہرارہا تھا جب کہ غباروں کارنگ پاکستان کے قومی پرچم کی مناسبت سے سفید اور سبز تھا۔شاہراہ فیصل پر دونوں اطراف مارچ کے شرکاء موجود تھے ۔ ایک ٹریک مردوں کے لیے اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص تھا۔خواتین کے ساتھ چھوٹے بچے بھی شریک تھے۔

مارچ کے شرکاء شہر بھر سے جلوسوں اور ریلیوں کی شکل میں بسوں،ویگنوں، سوزوکیوں،ٹرکوں، کاروں اور موٹر سائیکلوں پرشاہراہ فیصل پہنچے۔شاہراہ فیصل پر سڑک کے دونوں طرف خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ استقبالیہ کیمپ لگے ہوئے تھے جبکہ الخدمت کراچی کی جانب سے طبی کیمپ اورشاہراہ فیصل پر کئی موبائیل ڈسپنسریاں بھی موجود تھیں۔امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں مارچ کا آغاز بلوچ جیسن ٹاورسے ہوا اور شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے نرسری اسٹاپ پر پہنچے۔