عالمی بینک کا پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف
رواں سال شرح نمو 5.2فیصد رہنے کی پیش گوئی
اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ 2017ءمیں اس کی شرح نمو 5.2فیصد رہے گی۔اپنی ششماہی رپورٹ "جنوبی ایشیا اکنامک فوکس” میں عالمی بینک نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت میں مسلسل بہتری اور افراط زر قابو میں رہنے کا امکان ہے۔ 2016ءمیں پاکستان میں جی ڈی پی کی شرح نمو4.7 فیصد رہی جو 2017ءمیں 5.2فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جو ترقی کے امکانات میں بدستور بہتری کو ظاہر کرتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے جس کے تنیجہ میں صنعتی شعبہ کی نمو میں تیزی آنے کی توقع ہے ۔ ان منصوبوں سے مقامی تعمیراتی صنعت کے ساتھ ساتھ بجلی کی پیداوار بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ پائیدار اور مجموعی ترقی اور غربت میں کمی کے لئے بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی طویل المدتی ترقی کی ضرورت ہو گی۔ عالمی بینک کی ششماہی رپورٹ میں جنوبی ایشیاءکی مجموعی معاشی صورتحال کاجائزہ پیش کیا گیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یہ خطہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ ترقی کرتا ہوا خطہ ہے جو مشرقی ایشیاءسے نسبتاً بتدریج آگے بڑھ رہاہے ۔