
وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات، قومی کتاب میلہ کے حوالے سے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا
اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی سے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی۔ مشیر وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت آئی سی سی آئی کے صدر خالد اقبال ملک کررہے تھے۔ اس موقع پروفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے علمی وا دبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ صنعتی ، کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بھی امن و امان کی اچھی صورت حال سے مشروط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کے لیے صنعتی، کاروباری اور تجارتی برادری کے کردار کونہایت اہمیت دیتی ہے۔ کاروباری برادری کتاب دوستی کے کلچر کو پروان چڑھانے میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی کاوشوں میں معاونت فراہم کرکے قومی خدمت میں حصہ ڈال سکتی ہے۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد،22اپریل سے شروع ہونے والے سہہ روزہ قومی کتاب میلے کے انعقاد کے لیے ضروری تعاون کرے گا۔