بھارتی رویے سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں،وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

104

نام نہاد جمہوریت کا علمبردار بھارت کا سیاہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، بھارتی رویے سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں،وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی پرُ تشدد کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ستر سال سے جاری بھارتی ظلم و تشدد تھمنے کو نہیں آ رہا اور ہرگزرتے دن کے ساتھ اس کی شدت اور نوعیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم عوام کی عزت النفس کو روزانہ مجروح کرتے ہوئے انسانیت اور اخلاقیات سے گرے ہوئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئے دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصب فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم اور اخلاقیات سے گری ہوئی کارروائیوں کی خبریںاور تصاویر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ضمیر کوجگانے کے لیے کافی ہیں جو کہ افسوس کے ساتھ اس تمام تر ظلم و تشددسے چشم پوشی اختیار کیے بیٹھے ہیں۔انہوںنے کہا کہ کبھی کشمیری نوجوانوں کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر ہتک آمیز انداز سے ڈھال کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے اور کبھی اُن کو سرعام چوک ، چوراہوں پر پیلٹ گن اور دیگر ہتھکنڈوں سے شدید ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا تا ہے۔