پاکستان ،افغانستان میں امن و مفاہمت کے لئے کوششوں میں تعاون کے سلسلہ میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پر عز م ہے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز

134
APP48-17 ISLAMABAD: April 17 - US National Security Adviser H. R. Mcmaster meets Adviser to Prime Minister on Foreign Affairs, Sartaj Aziz. APP

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے افغانستان کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کی تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ،افغانستان میں امن و مفاہمت کے لئے کوششوں میں تعاون کے سلسلہ میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق مشیر خارجہ نے یہ بات پیر کو یہاں وزارت خارجہ نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کے دوران کہی۔ سرتاج عزیز کی معاونت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی ، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے کی جبکہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر کی معاونت امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل ، پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے قائمقام خصوصی نمائندہ لارل ملر ،امریکی قومی سلامتی کونسل کے جنوبی ایشیاءکے لئے سینئر ڈائریکٹر لیزا کرٹس اور پاکستان کے لئے ڈائریکٹر جے وائز نے کی ۔ مذاکرات میںسرتاج عزیز نے خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لئے اقدامات کے حصہ کے طور پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر سرحدی نظام کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوںنے امریکی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ عشروں پرانے دوست ہیں اور خطہ میں پائیدار امن و استحکام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان جاری ٹھوس شراکت داری ضروری ہے ۔