شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے،محسن نقوی

143
Mohsin Naqvi
Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے،پورے اسلام آباد خصوصاً وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ وہ منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے سیکورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام ڈاس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد کی تزئین و آرائش اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریڈ زون بالخصوص وی وی آئی پی روٹس کی بیوٹی فیکشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراؤں کی اطراف دیدہ زیب لینڈسکیپنگ کی جائے۔شہر بھر کو خوبصورت پھولوں اور فینسی لائٹس سے سجایا جائے۔ وزیر داخلہ نےجناح کنونشن سنٹر کی تزئین و آرائش کے فنشنگ کے کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔اجلاس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔