اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے نیپال سے لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کے اغواءکی بروقت خبر نشر کرنے پر ذرائع ابلاغ کے پاکستانی اداروں کے کردار کو سراہا ہے۔ پیر کو میڈیا بریفنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے اور میڈیا نے پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ آفیسر کے اغواءکے واقعہ کی بروقت اور درست رپورٹنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی میڈیا لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کے نیپال سے اغواءکی بروقت خبر نشر نہ کرتا تو اس سے بھارت ناجائز فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں مدد حاصل کر سکتا تھا۔