نادرا کی طرف سے سول رجسٹریشن اور اہم اعداد و شمار (سی آر وی ایس) کے ابتدائی منصوبے کے آغاز کا اعلان

104
Nadra
Nadra

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد نادرا نے پیدائش، شادی/طلاق اور اموات کی رجسٹریشن کو بہتر بنانے کے لیے سول رجسٹریشن کے ابتدائی منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد صوبائی اور وفاقی حکام کے درمیان ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ڈیٹا کو مربوط کرنا ہے تاکہ شہریوں کوسہولت فراہم کی جا سکے۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں دو سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہیلتھ انفارمیشن سسٹم ڈیلیوری یونٹ اور وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کو نادرا کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، جس کے تحت 10 ہسپتالوں میں پیدائش اور موت کی اطلاع کے آلات متعارف کرائے جائیں گے اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کے لیے ایس ایم ایس الرٹس فراہم کیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں اس نظام کوملک کے 25 فیصد سرکاری صحت کے مراکز تک توسیع دی جائے گی۔

شادی /طلاق کی رجسٹریشن کو بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں 90 فیصد صحت کے مراکز کا احاطہ کیا جائے گا جبکہ تمام ٹائون کمیٹیوں اور یونین کونسلز کو مکمل طور پر شامل کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے نادرا ایک موبائل ایپلی کیشن بھی تیار کر رہا ہے جو شہریوں اور متعلقہ حکام کے لیے قابل رسائی ہوگی۔ وفاقی اور صوبائی رجسٹریشن سسٹمز کو مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری قانون سازی کی اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔