بھکر، ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پرسیمینار کا انعقاد

119

بھکر۔ ۔۔۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):بھکر،گورنمنٹ گریجویٹ کالج اور سپیریئر کالج میں محکمہ بہبود آبادی کےزیر اہتمام ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ماہر نفسیات حمیرا بشیر اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر شبانہ کوثر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت بھی جسمانی صحت کی طرح اہم جزو ہے۔

پاکستان کی 245 ملین آبادی میں تقریبا 34 ملین افراد کسی نہ کسی طرح ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔مقررین نے کہا کہ اپنی طرز زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائیں دن میں 30 منٹ کی ایکسر سائز یا چہل قدمی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کیلئے بھی مفید ہے

رات جلد سوئیں اور صبح جلدی اٹھنے کی عادت اپنائیں روزانہ ورزش کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں سونے سے قبل فون کمپیوٹر اورٹی وی کا استعمال ترک کریں کیونکہ سکرین کی روشنی نیند متاثر کرتی ہے قدرتی ماحول میں روزانہ کچھ وقت گزاریں اور متوازن غذا کا استعمال کریں اپنے اردگردلوگوں کا خیال رکھیں ان کے احساسات کو سمجھیں اور انہیں یقین دلائیں کہ وہ تنہا نہیں دین کے احکامات پر سختی سے عمل کریں

اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور زندگی کے ہر کام میں میانہ روی اختیار کریں معاشرے میں امن و سکون اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے ذہنی صحت کا ہونا بہت ضروری ہے۔آخر میں محکمہ بہبود آبادی کے افسران نے شرکاء اور کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔