اقبال شہید پولیس لائنز پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوان ہمارے ہیروز ہیں، آئی جی پولیس

103

پشاور۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ اختر حیات خان صوبائی وزیر صحت پختون یار خان اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کے ہمراہ بنوں پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والے پولیس جوانوں کی فاتحہ خوانی کیلئے ان کے آبائی گاؤں گئے۔کمشنر بنوں ڈویژن عابد وزیر ، ڈی آئی جی بنوں ریجن عمران شاہد اور ڈی پی او بنوں ضیاءالدین احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف سیکرٹری ، صوبائی وزیر اور آئی جی خیبرپختونخوا شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاءسے ملے اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ۔انہوں نے فرض کی راہ میں جان دینے والے خیبر پختونخوا کے غیور شہداءکے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

آئی جی اختر حیات خان نے شہداءکے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے بچے ہیں اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر آئی جی کا کہنا تھا کہ اقبال شہید پولیس لائنز پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوان ہمارے ہیروز ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کو انتہائی جرات اور بہادری سے پسپا کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور جوانمردی سے لڑ کر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں پولیس اور قوم جذبے کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔خیبر پختونخوا کی غیور عوام اپنی پولیس کے ہمراہ کھڑی ہے۔ پولیس شہداءکی ان عظیم قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔شہداءکے ورثاءاور لواحقین ہمارے خاندان کی طرح ہیں جن کو ہم کسی بھی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑینگے اورتمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔