ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان کی صدر ،وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے شاندار انعقاد پر مبارکباد

115
Syedal Khan

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے صدر مملکت پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کو شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں 12 ممالک کے سربراہان سمیت 200 سے زائد وفود کی شرکت وزیراعظم پاکستان اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان کے لئے ایک تاریخی دن ہے اور یہ انتہائی اہمیت کی حامل بین الاقوامی کانفرنس پاکستان اور خطے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گی ،اس کانفرنس کے دوران تجارت، معیشت صحت، توانائی، ٹیکنالوجی مواصلات و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا، خطے کی ترقی ،خوشحالی اور خطے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور محمد نواز شریف کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کے وژن کے مطابق پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو چکا ہے ،وہ وقت دور نہیں جب عوام موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت بہتر معیار زندگی اور بنیادی سہولیات سے مستفید ہوں گے اور ترقی و خوشحالی ان کا مقدر ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جس جانفشانی سے اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے انتھک محنت کی وہ قابل تحسین ہے، اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد کی وجہ سے پاکستان کی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج بھرپور انداز میں اجاگر ہو گا۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے موجودہ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے اس میں شرکت کی۔