تربیلاڈیم کے 50سال مکمل ہونے پر پاکستان پوسٹ نے 50روپے کا یاد گاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا

123
water inflow and outflow
water inflow and outflow

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):تربیلاڈیم کے 50 سال مکمل ہونے پر پاکستان پوسٹ نے 50روپے کا یاد گاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔ یاد گاری ڈاک ٹکٹ کی تقریب رونمائی واپڈا ہاس میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پاکستان پوسٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل(آپریشن)رضوان جاویدہاشمی نے یاد گاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی۔ پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب،ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل ایڈمن ، واپڈا کے ممبر فنانس، ممبر واٹر، ممبر پاور، سیکرٹری اور جنرل منیجرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے تربیلا ڈیم کا یاد گاری ٹکٹ جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم پاکستان کی انجینئرنگ میں مہارت اور قومی ترقی کی علامت ہے، یاد گاری ڈاک ٹکٹ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو تربیلا ڈیم کی اہمیت یاد دلاتا رہے گا۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل آپریشن نے پاکستان پوسٹ کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو تربیلا ڈیم کے یاد گاری ڈاک ٹکٹ کی البم پیش کی۔

ترجمان کے مطابق یہ بات قابل ذکر ہے کہ1974میں مکمل ہونے والا تربیلا ڈیم گزشتہ نصف صدی کے دوران پاکستان میں معاشی اور ااقتصادی ترقی کا اہم ترین جزہے اور اس امر کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تربیلا ڈیم گزشتہ 50برس میں زراعت کیلئے اپنے ریزروائر میں ذخیرہ کیا گیا 406ملین ایکڑ فٹ پانی مہیا کرچکا ہے جبکہ تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو 590ارب 36کروڑ 10لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جاچکی ہے،

پاکستان میں ایک ملین ایکڑ فٹ پانی سے کم وبیش ایک ارب امریکی ڈالر کے مساوی معاشی اور اقتصادی فوائد حاصل ہوتے ہیں، تربیلا ڈیم سے گزشتہ 50 برس میں پاکستان کو 400ارب امریکی ڈالر سے زائد فوائد حاصل ہو چکے ہیں۔