سیالکوٹ۔21اکتوبر (اے پی پی):انجمن مغلیہ سیالکوٹ کے زیر انتظام چلنے والے مغل جنرل ہسپتال میں سیالکوٹ کی میڈیکل تاریخ میں پہلی بار گھٹنے کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد یہ سہولت سیالکوٹ کے شہریوں کو اپنے ہی شہر میں حاصل ہو گئی ہے۔ سیالکوٹ کے شہریوں کو یہ آپریشن کروانے کے لئے لاہور، اسلام آباد یا بیرون ملک آپریشن کے لئے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مغل جنرل ہسپتال میں حاصل کی گئی
اس کامیابی کے بارے انجمن مغلیہ سیالکوٹ کے صدر فضل جیلانی چیئرمین ائیر سیال نے بتایا کہ 2 فروری 2021 میں وطن عزیز کے نامور آرتھوپیڈک سرجن پر وفیسر ڈاکٹر عامر عزیز چیئرمین گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال لاہور کے نام سے مغل جنرل ہسپتال میں عامر عزیز آرتھوپیڈک اینڈ سپائن سینٹر قائم کیا تھا۔ اس کے قیام سے سیالکوٹ اور اردگرد کے مریضوں کو گھرکی ہسپتال لاہور جیسی علاج کی سہولت ہو گئی تھی۔ مغل جنرل ہسپتال میں ہڈیوں کے آپریشن میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے دو سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز بنائے گئے ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے اب مغل جنرل ہسپتال میں گھٹنے کی تبدیلی کے آپریشن بھی شروع کر دیئے گئے ہیں۔گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حسیب حسین کی زیر نگرانی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احسن عطا اعوان اور ڈاکٹر عمار حفظ ڈوگرنے گھٹنے کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن کرکے مغل جنرل سیالکوٹ کو ایک اور اہم اعزاز دلا دیا ہے۔
اس آپریشن کی ٹیم میں ڈاکٹر حنین روف گھمن میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مغل جنرل ہسپتال ، او ٹی اے محمد الیاس،بے ہوشی کے ڈاکٹر افراز ، شکیل احمد اور محمد عادل بھی اس ٹیم میں شامل تھے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری انجمن مغلیہ شہباز شاکر نے بتایا کہ مغل جنرل ہسپتال میں ہپ کا بھی کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔دونوں مریض ماشاءاللہ پوری طرح صحت یا ب ہو چکے ہیں گھر جا چکے ہیں اور انجمن مغلیہ سیالکوٹ کے عہدے داران اور اس کے ڈونرز کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج اور اس سے ملحقہ ہسپتالوں کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین بابر اقبال، سابق صدر انجمن مغلیہ نعیم اخترنے صدر انجمن مغلیہ فضل جیلانی، سینئر نائب صدر سیہل اصغر، نائب صدر شاہد افضل کھوکھر ، ریحان مسعود اور جنرل سیکرٹری شہباز شاکر کو اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی ہے اور سیالکوٹ کے شہریوں کو علاج معالجے کی ایک جدید سہولت فراہم کرنے پر انجمن مغلیہ اورمغل جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔