لاڑکانہ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفیٰ فل نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، ریونیو اور بلدیاتی ملازمین کو شامل کرکے پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے، لوگوں کو سختی سے ہدایات کی جائیں کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور جو لوگ اپنے بچوں کو قطرے نہیں پلائیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل پولیو اریڈکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گزشتہ پولیو مہموں کا جائزہ لے کر آئندہ پولیو مہم جو کہ 28 اکتوبر سے 2 نومبر تک جاری رہے گی ،کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ مہم میں ریونیو اور لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کو شامل کرنے سے پولیو ٹیموں کو کافی مدد ملے گی کیونکہ وہ مقامی سطح پر مہم کی نگرانی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ڈویژن کے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ مختیار کاروں، اسسٹنٹ مختیار کاروں، تپیداروں اور کوٹواروں کو پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں ٹیموں کی نگرانی کریں، یوسی سی ایم اوز پولیو ٹیم کو ڈیٹا فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے کے لیے گھر گھر ٹیمیں بھیجی جائیں۔میٹنگ کے دوران کمشنر لاڑکانہ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہم کے دوران صحیح طریقے سے چیکنگ کریں تاکہ کسی بھی ادارے سے باہر کا کوئی شخص مہم میں شامل نہ ہو اور اس کے بارے میں ہمیں رپورٹ کرے ،
سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے بات کرکے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی ،اس کے علاوہ ڈی سیز اپنے متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پیز سے بھی بات کریں۔انہوں نے کہا کہ دیہات میں جانے والی ٹیموں کی نگرانی ضروری ہے،جہاں بھی پولیو کیسز سامنے آئے ہیں ان علاقوں کی نگرانی سخت کی جائے۔کمشنر لاڑکانہ کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ ڈویژن کے اندر اب بھی کچھ علاقے ایسے ہیں، جہاں ٹیموں کی سکیورٹی انتہائی ضروری ہے،لاڑکانہ ڈویژن کے ساتھ کسی بھی سرحد سے سندھ میں داخل ہونے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہ جائے،
اس سلسلے میں ڈی سیز اور ڈی ایچ اوز مل کر ایک جگہ تجویز کریں اور کولڈ چین بنانے کا منصوبہ بنائیں۔اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ نے مزید کہا کہ 24 اکتوبر کو پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا، ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ جبکہ ڈپٹی کمشنر کشمور کندھ کوٹ، ڈپٹی کمشنر جیکب آباد اور ڈپٹی کمشنر شکارپور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اس کے علاوہ پانچوں اضلاع کے ڈی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی، اے پی آئی، رینجرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔