ہیپاٹائٹس سے اموات کی شرح بڑھ رہی ہے،2015ءمیں ہیپاٹائٹس سے اموات 13لاکھ 40ہزار کی بلند سطح پر پہنچ گئیں، عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ

107

جنیوا ۔ 21 اپریل (اے پی پی) دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے بتیس کروڑ ہو گئی ہے اور اس مرض سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یہ بات عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 2015ءکے دوران ہیپاٹائٹس سے اموات 13لاکھ 40ہزار کی بلند سطح پر پہنچ گئیں جو ایڈز اور ٹی بی جیسے مہلک امراض سے اموات کے لگ بھگ ہیں لیکن ان دونوں امراض سے اموات کی شرح کم جبکہ ہیپاٹائٹس سے اموات کی شرح بڑھ رہی ہے اور یہ صورت حال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ انسانیت کے لئے اس بڑے خطرے پر فوری توجہ دی جائے۔ رپورٹ کے مطابق 2000سے 2014ءتک ہیپاٹائٹس سے اموات کی شرح 22فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ہیپاٹائٹس سے اموات میں اضافہ کی بڑی وجہ اس میں مبتلا لوگوں کی مرض بارے عدم آگاہی ہے۔ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ مرض جگر کے کینسر کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاﺅ کی بڑی وجہ آلودہ سرنجوں کا استعمال بتائی گئی ہے۔