استور، معذور افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،صوبائی وزیر بلدیات

180

استور ۔23 اکتوبر (اے پی پی):استور ، صوبائی وزیر بلدیات گلگت بلتستان حاجی عبد الحمید نے کہا ہے کہ معذور افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ اگلے بجٹ میں گانچھے کے معذور افراد کے لئے سنٹر بنائیں گے ۔صوبائی حکومت نے معذور افراد کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے خصوصی گرانٹ جاری کی اس کے علاوہ سرکاری اداروں میں معذور افراد کے کوٹے پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلتستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خپلو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حاجی عبد الحمید نے کہا کہ پچھلے دنوں محکمہ زراعت خپلو آفس میں بلائنڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے ساتھ ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں ۔اس واقعہ کی شفاف تحقیقات کریں گے ذمہ دار کو سزا ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوشل ویلفیئر آفیسر کاچو صداقت علی نے کہا کہ محکمہ سول ویلفیئر معذور افراد کے ساتھ ہے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

معذور افراد کی سرٹیفکیٹ بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی ہر سب ڈویژن سطح پر جا کر کام کر رہی ہے۔ قراقرم ڈس ایبلٹی فورم کے سابق صدر حسن بلتی نے کہا کہ معذور افراد خصوصی افراد نہیں ، ہم کوئی سپیشل افراد نہیں معذور افراد کے حقوق کے لئے ہم ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد طفیل نے کہا کہ سرکاری اداروں میں ہمارے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے سرکاری اداروں میں مختص کوٹے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔