کراچی۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قوم کی پائیدار ترقی، روزگار اور معاشی نمو کےلیے نجی شعبے کا کردار اہم ہے،یہ اس وقت ممکن کے جب کمپنیاں گورننس کے انتہائی اعلیٰ معیارات کو اپنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ 39 ویں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈ پریذنٹیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر سرمد علی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کو ایوارڈز دیئے گئے۔تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور کارپوریٹ سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تقریب کے انعقاد پر مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں،مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان 4 دہائیوں سے گڈ گورننس کےلیے کوشاں ہے،ایوارڈز نے کاروباری برادری کے درمیان شفافیت، احتساب اور دیانتداری کے کلچر کو فروغ دیا ہے،گڈ گورننس کسی بھی ادارے کی کامیابی کا بنیادی عنصر ہے،ایوارڈز کے ذریعے اداروں کےلیے اخلاقی معیار مقرر کیے گئے ہیں،گڈ گورننس سے نہ صرف کاروبار پھلتا پھولتا ہے بلکہ معیشت اور معاشرے کےلیے بھی مثبت کردار ادا کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کاروباری دنیا میں گڈ گرننس نہ صرف ریگولیٹری تقاضا بلکہ طویل مدتی کامیابی کےلیے لازمی عنصر ہے،گڈ گورننس سے نہ صرف سٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ ہوتا ہے بلکہ اعتماد ، ساکھ اور کاروباری پائیداری بھی بڑھتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ایک مشکل وقت میں جی رہے ہیں،پاکستان کومعاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے،ماحولیاتی تبدیلی کے زیر اثر نازک معاشی حالات ہرشعبے میں گڈ گورننس کا تقاضا کرتے ہیں،مشکل وقت میں گڈ گورننس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مشکل حالات کا تقاضا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبہ مل کر کام کریں،دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے،جو کاروبار حقیقت کا ادراک نہیں کرتے ان کے ناکام ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث کاروباری رجحانات میں بڑی تبدیلی آئی ہے،پاکستانی کمپنیوں کو ان نئے رجحانات کا نہ صرف پتہ ہونا چاہیے بلکہ انہیں اپنانا بھی چاہیے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میری پاکستان کے تمام چھوٹے اور بڑے کاروباری اداروں سے درخواست ہے کہ وہ عالمی معیارات کو اپنائیں،خوشحال پاکستان کےلیے سوچ میں تبدیلی انتہائی اہم ہے،پاکستان میں کاروباری شفافیت کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں،امید ہے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کاروبار میں شفافیت کےلیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ میں سب کو پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کرنا ہوگا۔گورنر پختونخوا نے کہا کہ ہم چاہتے ہے کہ ہمارے پاس بھی بہترین ہسپتال ہوں۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں مواقع موجود ہیں،سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے،اس حوالے سے گورنر ہائوس ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔