اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پی ٹی اے کے تعاون سے پاکستان بھر کےنوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے ہیش ڈیجیٹل حفاظت مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ہیش ڈیجیٹل حفاظت مقابلے کے ذریعےٹک ٹاک اور پی ٹی اے کا مقصد پلیٹ فارم کے صارفین کو ڈیجیٹل سیفٹی کا پیغام پھیلانے اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رُجحان کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
بدھ کو جاری بیان کے مطابق مقابلے میں شرکت کرکے صارفین دوسروں کو ذمہ دارانہ آن لائن طرز عمل کے بارے میں آگاہی دینے میں کردار ادا کریں گے اور سب کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تخلیق میں حصہ لیں گے۔پلیٹ فارم کا مقصد آن لائن ہراس، دھوکہ دہی، نوجوانوں کے تحفظ کو لاحق خطرات اور غلط معلومات جیسے مسائل کو کم کرنا ہے۔
کری ایٹرز ہیش ڈیجیٹل حفاظت ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کرکے اور درخواستوں میںptaofficialpk @ کو ٹیگ کرکے مقابلہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ٹک ٹاک پر مقابلے کےآفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم پُر کر کے ویڈیوز کے ساتھ جمع کراناضروری ہے۔ کامیاب ویڈیوز کا انتخاب کانٹینٹ کے معیار، موضوع سے مطابقت اور ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی تعمیل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور کامیاب شرکت کنندہ کو ایپل آئی پیڈ ایئر دیا جائے گا جبکہ 2 رنر اپ کو سام سنگ اسمارٹ فون ملیں گے۔
کانٹنٹ 13 برس اور اس سے زائد عمر کے شرکاء کے لئے ہے۔ٹک ٹاک اورپی ٹی اے کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل خواندگی اور تحفظ کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہیش ڈیجیٹل حفاظت مقابلہ پاکستانی نوجوانوں اور شائقین کو اہم ڈیجیٹل مسائل پر اپنے خیالات کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ مقابلہ 20 اکتوبر سے 05 نومبر 2024 تک جاری رہے گا۔