وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سے مانچسٹر کی لارڈ میئر یاسمین ڈار اور سٹوک آن ٹرنٹ کے لارڈ میئر ماجد خان و دیگر کی ملاقات

92
Prime Minister Azad Jammu and Kashmir Chaudhry Anwar ul Haq

مظفرآباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی لارڈ میئر یاسمین ڈار اور سٹوک آن ٹرنٹ کے لارڈ میئر ماجد خان و دیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور،وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری محمد رشید، دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد اکبر ابراہیم، مشیر حکومت کرنل محمد معروف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی انتہا کر دی ہے اور اسی طرح وہ مقبوضہ کشمیر میں تبدیلیاں کر کیمقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈرامہ رچایا گیا لیکن یہ جعلی انتخابات کسی بھی صورت استصواب رائے کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی آواز دنیا کے ہر فورم پر بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم اور نازک مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے اوور سیز کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا کے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔