کوئٹہ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے اور ریاستی ظلم و بربریت کے خلاف کھڑے رہنے والے حریت پسندوں کی جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
جمعہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے اپنی فوجیں جموں و کشمیر میں اتار کر غیر قانونی قبضہ کرلیا جوتاحال قائم ہے۔
اس دن کے بعد سے جنت نظیر وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی محروم کردیا گیا ہے مگر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک زور و شور سے جاری وساری ہے اور لاکھوں کشمیری عوام ہندوستان کے جبر سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں اور ان کا جذبہ جوان اور عزائم فولاد کی طرح قائم ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی ہدایت پر 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر بلوچستان میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لے بھرپور انداز میں تقریبات منعقد کی جائے گی