قومی اسمبلی میں بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں یوم سیاہ کے حوالہ سے کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کی قراردادکی متفقہ طورپرمنظوری

101
House Business Advisory Committee of the National Assembly

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں یوم سیاہ کے حوالہ سے کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کی قراردادکی متفقہ طورپرمنظوری دیدی۔ جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان انجنیئر امیرمقام نے اس حوالہ سے ایوان میں قراردادپیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طورپرمنظوری دیدی،

قراردادکے متن میں کہاگیاہے کہ 27اکتوبر1947 کو سری نگر میں بھارتی افواج کے داخل ہونے کی 22 ویں برسی کے موقع پر قومی اسمبلی کا یہ اجلاس کشمیری عوام کی اپنے ناقابل انتقال حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان سے پاکستان کی مکمل،سفارتی اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حتمی حل پر منحصر ہے۔

یہ ایوان بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرکی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ متنازعہ حیثیت، اسکے آبادیاتی ڈھانچہ،اورسیاسی منظرنامے کوتبدیل کرنے کی بھارت کی مسلسل کاروائیوں کومستردکرنے کااعادہ کرتاہے،یہ ایوان ہزاروں سیاسی کارکنوں کی طویل عرصہ سے نظربندی اورکئی کشمیری سیاسی جماعتوں پرپابندی کی مذمت کرتاہے، ایوان اس بات کی نشاندہی کرتاہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں لوک سبھا /قانون سازاسمبلی کے انتخابات جموں وکشمیرکے عوام کے حق خودارادیت کامتبادل نہیں ہوسکتے۔

قبل ازیں انجنیئرامیرمقام نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہدپوری دنیا کے سامنے ہیں، کشمیریوں نے اپنے پیدایشی حق خودارادیت کیلئے عظیم قربانیاں دیکر ایک تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمدکیاجائے۔ جدوجہدآزادی میں اب تک 96ہزارکشمیری شہید ہوگئے،

ایک لاکھ سے زائد گھروں کومسمارکیا، بھارت نے کی خصوصی آئینی حیثیت کوختم کرکے غیرمقامی لوگوں کوغیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ تسلط جموں وکشمیر میں باہرسے لوگوں کوآبادکرنا شروع کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی کی سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کشمیریوں اورفلسطینیوں کا مقدمہ پیش کیاہے۔