لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):پی ایچ اے لاہور نے مال روڈ پر واقع پارکس کو ڈویلپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلے میں پی ایچ اے نیلا گنبد اور انارکلی بازار کے درمیان واقع تین پارکس کو ڈویلپ کرے گا
۔ترجمان کے مطابق تینوں باغات کو مغلیہ دور کی ہارٹی کلچرل پریکٹسس کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا،پارکس میں دیدہ زیب پھولوں اور پودوں کی 80 سے زائد اقسام لگائی جائیں گی، ان پھولوں میں دیسی گلاب، پیری ونکل اور گل چین سمیت دیگر پھول شامل ہیں،اس کے علاوہ پارکس میں پرندوں کے پانی پینے اور نہانے کے لیے برڈ باتھ بھی بنائے جائیں گے،تینوں باغات کو ایک اکائی کے طور پر ڈیزائن کیا جائے گا،تین باغات پر مشتمل اس منصوبہ کا نام باغ نور جہاں رکھا گیا ہے
،باغ کا نام مغل بادشاہ جہانگیر کی اہلیہ ملکہ نور جہاں کے نام پر رکھا گیا ہے،باغ نور جہاں فضا سے دیکھنے پر مور کی طرز پر دکھائی دے گا،باغ نور جہاں کو نامور محقق عثمان سعید اور آرکیٹیکٹ رضا علی دادا تیار کریں گے۔