وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو اجلاس منعقد ،لینڈ ریکارڈز کے حصول کو آسان اور محفوظ بنانے کے لئے الیکٹرانک جائیداد کارڈ کے اجراء کا فیصلہ

140

پشاور۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلی کے پی کے ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے سلسلے میں وزیر اعلی کا ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے لینڈ ریکارڈز کے حصول کو آسان اور محفوظ بنانے کے لئے الیکٹرانک جائیداد کارڈ کے اجراء کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جائیداد کارڈ کا اجراء ابتدائی طور پر ضم اضلاع میں کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر مال کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جائیداد کارڈ ای پاس بک کے طور پر کام کرے گا،شہری جائیداد کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ اسمارٹ فون کے ذریعے اسکین کرکے اپنے تمام لینڈ ریکارڈ تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اس مقصد کے لئے انہیں سروس ڈیلیوری سنٹر، پٹوار خانے یا کسی بھی دفتر کا چکر نہیں لگانا پڑے گا، کارڈ میں موجود ہائی سکیورٹی فیچر کی بدولت زمینوں کے ریکارڈ میں ممکنہ جعل سازی کا موثر تدارک کیا جاسکے گا۔بریفنگ کے مطابق اس کارڈ کے میں تمام اضلاع میں موجود ہر ایک شہری کی ملکیتی زمینوں کی تفصیلات درج کی جائیں گی، کارڈ میں درج تفصیلات کی تصدیق کے لئے موبائل ایپ کی سہولت فراہم ہوگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ الیکٹرانک جائیداد کارڈ کا اجراء ریونیو اصلاحات کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا اہم اقدام ہے، صوبائی حکومت لینڈ ریکارڈ اصلاحات کے لئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے لینڈ ریکارڈ کے جملہ امور میں شفافیت یقینی ہوگی، اس کارڈ کے اجراء سے شہریوں مختلف قسم کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ جائیداد کی ملکیت سے متعلق تنازعات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جائیداد کارڈ کے باضابطہ اجراء کا جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔