ضلع راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی ، 24 گھنٹوں کے دوران 141نئے کیسز کی تصدیق

164

راولپنڈی۔30اکتوبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی ، 24 گھنٹوں کے دوران 141نئے افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد 2024 میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار427 ہوگئی ہے

فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر جواد نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کا ایک مریض ہولی فیملی ہسپتال میں انتقال کر گیا جس کے بعدجاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں پوٹھوہار ٹائون پری اربن ایریا سے 60، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سے 19، راولپنڈی کنٹونمنٹ سے 35، چکلالہ کنٹونمنٹ 8، پوٹھوہار رورل 13، ٹیکسلا رورل 2، کلر سیداں 2، کہوٹہ 4 اور گجر خان سے ایک مریض سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت 268 مریض شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں 70 مریض بے نظیر بھٹو ہسپتال ،70 ہولی فیملی ہسپتال، 41 راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال، 26 فوجی فاؤنڈیشن جبکہ 55 مریض شہر کے مختلف پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔