کراچی۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ سندھ سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہو۔ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ امن و محبت کی دھرتی ہے، یہاں تمام مذاہب اپنی خوشیاں آزادی سے مناتے ہیں، دیوالی روشنیوں کے ساتھ خوشیوں کا تہوار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اپنے ہندو بھائیوں کے ساتھ ہم خوشیوں کے تہوار میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اقلیتی افراد کو حکومت اور دیگر انتظامی اداروں میں نمائندگی دی ہے،اقلیتوں کو سندھ میں مساوی حقوق حاصل ہیں اور آئین پاکستان ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں دو ہندو جنرل نشت پر کامیاب ہوئے ہیں اور ڈپٹی اسپیکر کرسچن ہے، سندھ حکومت نے تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے،ہم اقلیتوں کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہیں۔