سمندر میں پھنسے 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ایرانی سفیر رضا امیری مقدم

65

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےسمندر میں پھنسے 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ میں پاک بحریہ کی جانب سے ماہی گیروں کی کشتی کی مدد کے لئے اپیل پر فوری اور فعال ردعمل اور کھلے سمندر میں پھنسے ان 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جمعہ کے روز سوشل میڈیا ایپ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو بین الاقوامی پانیوں میں ریسکیواور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کارروائیوں میں قریبی حمایت اور باہمی تعاون حاصل ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ مارچ 2024 میں بھی پاک بحریہ نے آگ میں پھنسے 8 ماہی گیروں کو بچایا تھا۔ سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں برادر ممالک کی تاریخ ہے کہ وہ مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔