معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے زیر اہتمام سالانہ اسٹاف فیسٹ کا انعقاد، ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقد م کی خصوصی شرکت

93
Renowned International Hospital
Renowned International Hospital

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):معروف انٹرنیشنل ہسپتال نے سالانہ اسٹاف فیسٹ کا انعقاد کیا، جس میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقد م نے خصوصی شرکت کی ۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد معروف انٹرنیشنل ہسپتال ہر سال اپنے ملازمین کی محنت، جانفشانی اور اپنے کام سے لگن کی تعریف کے لئے ایک سالانہ اسٹاف فیسٹ کا انعقاد کرتا ہے۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اس تقریب کے انعقاد پر معروف انٹر نیشنل ہسپتال کی قیادت کی تعریف کی اور کہاکہ ایسی تقریبات نہ صرف سٹاف کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں بلکہ کسی بھی کامیاب ادارے کے لیے مضبوط ٹیم اسپرٹ کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ اپنے خطاب میں ایرانی سفیر نے ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی روابط کی اہمیت پر زور دیا اورایران میں اسلامی انقلاب کے بعد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات خصوصاً سائنس و طبی شعبے میں دن بدن بڑھتی ترقی کا ذکر کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان سائنسی، طبی اور دیگر شعبہ جات اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے میں مزید تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اوردونوں ممالک کے درمیان طبی سیاحت کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس تقریب کے اختتام پر ایک دلچسپ لاٹری کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خصوصی انعامات شامل تھے، جن میں عمرہ پیکیج (پہلا انعام)، لیپ ٹاپ (دوسرا انعام) اور ایل ای ڈی ٹی وی (تیسرا انعام) شامل تھے، جس میں تمام شرکا نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو افسرہارون نصیر اور ایرانی سفیر نے مختلف طبی شعبوں جیسے تحقیق، سرجری اور جگر کی پیوندکاری میں ممکنہ تعاون پر بات چیت کی۔ سفیر کو ہسپتال کے جاری منصوبوں اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ہارون نصیر نے صحت کے شعبے میں نرسوں کی عالمی کمی کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نرسوں کا مریضوں کے ساتھ تناسب تجویز کردہ تناسب سے کہیں کم ہے۔ یہ کمی صحت کے نظام پر بھاری دبائو ڈال رہی ہے۔ اس مسئلے کے فوری تدارک کے لئے ہم اپنی نرسنگ ٹیم کی تربیت اور ترقی میں کافی سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔سینئر ایچ آر منیجر فہد حفیظ نے تقریب میں اعلان کیا کہ سالانہ اسٹاف فیسٹ اب ایک مستقل روایت رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس تقریب کی کامیابی سے خوش ہیں اور اسے ہر سال مستقل طور پر منانے کے لیے پرجوش ہیں۔ یہ ہمارے اسٹاف کی محنت اور لگن کی قدر کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ یہ تقریب قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی، جس نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی مثبت اور معاون کام کی ثقافت کی عکاسی کی۔ یہ اقدام معروف کی صحت کی دیکھ بھال میں عمدگی کی کوششوں اور اپنی ٹیم کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔