اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):آئیسکو ریجن سے بجلی چوری کے ناسور کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ ستمبر2023سے جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان نے ماہ اکتوبر2024کے دوران بجلی چوروں کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں نے مختلف ٹیرف کے 1لاکھ سے زائد میٹرز چیک کیے،375میٹرز کسی نہ کسی طریقے سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،
متعلقہ صارفین کو بجلی کے ڈائریکٹ استعمال اور میٹرز ٹمپرڈ کرنے پر3کروڑ37لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور43بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا۔ محمد نعیم جان نے کہا کے پاکستان کی ترقی اور مستحکم معیشت کی راہ میں رکائوٹ بجلی چوروں کو آئیسکو ریجن سے ختم کر کے دم لیں گے اور اس سلسلے میں ہم زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔