سرگودھا۔ 04 نومبر (اے پی پی):سرگودھا کی ترقی تاجروں کی مشاورت سے ہی ممکن ہے، سرگودھا کے تاجر شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں خوشی اس بات کی ہے کہ سرگودھا کے شہری مثبت سوچ کے حامل ہیں اور یہاں پر آکر خصوصاً تاجروں سے ملکر خوشی ہوئی ہے ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے سمال چیمبر آف کامرس کے صدر حسن یوسف اور انجمن تاجران گرلز کالج روڈ کے صدر شیخ مسعود احمد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور حکومت سے مختلف گرانٹس کے حصول کیلئے جدوجہد جاری ہے یقیناً اس سے شہر کی تعمیر و ترقی ہو گی اس موقع پر شیخ مسعود احمد نے بتایا کہ شہر میں سیوریج کا نظام حل طلب ہے جبکہ پینے کے پانی کا بھی مسئلہ ہے جبکہ ٹریفک کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں خوشاب روڈ کو ماڈل روڈ طرز پر بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے یقیناً سرگودھا کی خوبصورتی بڑھے گی جبکہ مختلف روڈز کو بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر دو رویہ کرنے کی ضرورت ہے خصوصاً نہر لوئر جہلم سے جھال چکیاں تک روڈ کو دو رویہ کیا جائے۔جس پر کمشنر سرگودھا نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔