راولپنڈی۔4نومبر (اے پی پی):چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان 2025 کیلئے بھی جدید تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بہترین اصلاحات لائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز امتحان انٹر میڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عملے کی حاضری، اُمیدواران کی رول نمبر سلپس اور بیٹھنے کا پلان چیک کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت امتحان منعقد کروایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فول پروف انتظامات اور بہترین حکمتِ عملی سے نقل مافیا کو شکستِ فاش دینے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ کرام اپنی ذمہ داریاں قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں، شاملِ امتحان اُمیدواران کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔