کاشتکار گلابی سنڈی کی آف سیزن مینجمنٹ کیلئے آخری چنائی سے پہلے کپاس پر پتے جھاڑنے والا سپرے کریں، ماہرین جامعہ زرعیہ

132
Cotton

فیصل آباد۔ 08 نومبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلابی سنڈی کی آف سیزن مینجمنٹ کیلئے آخری چنائی سے پہلے کپاس پر پتے جھاڑنے والا سپرے کریں جس کا مقصد آخر میں بچ جانے والے ٹینڈوں کو جلد کھلانا ہے، علاوہ ازیں ان کھلے ٹینڈوں میں موجود گلابی سنڈی کو حالت جمود کی بجائے پروانے کی حالت کی طرف لے جاناہے تاکہ یہ پروانے کپاس کی فصل نہ ہونے سے خود بخود قدرتی طورپر تلف ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی آخر چنائی کے بعد کھیتوں میں بھیڑ بکریوں کو چروایا جائے تاکہ کمزور، بند اور ان کھلے ٹینڈوں کو جانور اپنی خوراک بنا لیں جس سے ان ٹینڈوں میں موجود گلابی سنڈی کا خاتمہ بھی ہوجائے گا اور کپاس کی آئندہ فصل پر گلابی سنڈی کا حملہ شدت اختیار نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ کپاس کی آخری چنائی کے بعد کھیتوں میں روٹا ویٹر چلایا جائے تاکہ زمین پر گر جانے والے ان کھلے ٹینڈے اور مڈھ تلف ہوجائیں کیونکہ یہ ان کھلے ٹینڈے اور مڈھ بھی گلابی سنڈی کی پناہ گاہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے جننگ کارخانوں اور آئل ملز کی لگاتار مانیٹرنگ کی جائے کیونکہ گلابی سنڈی کے پھیلاؤ کا ایک بڑا سبب یہ کارخانے بھی ہیں کیونکہ گلابی سنڈی اپنی سرمائی نیند کپاس کے دو بیجوں کو جوڑ کر گزارتی ہے اور اگر جننگ کا ویسٹ بروقت ضائع نہ کیا جائے تو گلابی سنڈی مناسب درجہ حرارت پر سرمائی نیند سے نکل کر بالغ حالت کو پہنچ جاتی ہے اس طرح گلابی سنڈی آئندہ فصل پر اپنی نسل پروری جاری رکھتی ہے لہٰذ ا جننگ فیکٹریوں اور آئل ملز کے کچرے کی بروقت تلفی کریں۔