بھکر۔ ۔۔۔ 11 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ضلع میں اینٹی سموگ ایکشن پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا بالخصوص سیاہ دھواں چھوڑنے والے بھٹہ ہائے خشت کو ہرگز چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی خلاف ورزی کی صورت میں بھٹہ جات کو بند کردیا جائے علاؤہ ازیں بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آرز دی جائیں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر محمداشرف نے ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اسں موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی ،اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،اسسٹنٹ کمشنرز ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات،ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع میں زگ زیگ بھٹہ ہائے خشت کے علاوہ کسی دوسری طرز کے بھٹہ جات کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں کی باقیات،ربڑ اور دیگر سیاہ دھوئیں کا اسباب بننے والی مصنوعات کو ہرگز نہ جلایا جائے بصورت دیگر مذکورہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسموقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو احکامات جاری کئے کہ وہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں اور ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صحت انسانی کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل کو بھرپور انداز میں رد کیاجائے گا اس ضمن میں سموگ کا باعث بننے والے عوامل کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے میں گریز نہیں کریں گے۔