صوبائی وزیر ہائوسنگ کا ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ جوہر ٹائون سکیم کا دورہ،تجاوزات سے واگزارکرائی گئی اراضی کا جائزہ لیا

96

لاہور۔13نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ جوہر ٹائون سکیم کا دورہ کیا،انہوں نے جوہر ٹائون ایف بلاک میں تجاوزات سے واگزار کرائی گئی اراضی کا جائزہ لیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوہر ٹائون سکیم سے ابھی تک 190کینال اراضی واگزار کرا لی گئی ہے، جوہر ٹائون کے مختلف بلاکس سے 30سالہ پرانی تجاوزات و جھگیاں ختم کرا دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جوہر ٹائون، سبزہ زار اور گجرپورہ سے ابھی تک 500کینال سے زائد اراضی واگزار کروائی جا چکی ہے۔

صوبائی وزیر نے قیمتی اراضی واگزار کرانے پر ڈی جی ایل ڈی اے اور ان کی ٹیم کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے ملکیتی پراپرٹی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اورواگزار کرائی گئی جگہ کو موثر پلاننگ کے ساتھ مارکیٹ میں لایا جائے۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے، ایڈیشنل ڈی جی یوپی، ڈائریکٹر ہائوسنگ سیون، چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، چیف ٹائون پلاننگ اور متعلقہ افسران موجود تھے۔