راولپنڈی۔13نومبر (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے میں آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد ثنا عرف بارو سمیت 4 دہشگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 نومبر 2024 کی درمیانی رات سیکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلگتر میں خفیہ معلومات پر مبنی ایک آپریشن کیا جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشتگردوں سمیت ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگرد رہنما ثنا عرف بارو کو ہلاک کر دیا گیا۔
ثنا خودکش بمباروں کی بھرتی کا مرکزی رکن اور نام نہاد مجید بریگیڈ کا سرگرم حصہ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ہلاک دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔