ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

121

کوئٹہ۔ 13 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈاکٹر فاروق بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے نمائندے، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں بنیادی صحت کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آف روڈ ایمبولینسز کی مرمت اور آپریشنل چیلنجز، غیر حاضر عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی اور مستقل غیر حاضری کے حامل ڈاکٹروں کی برطرفی جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔ ا

س کے ساتھ ساتھ ضلع میں ادویات کی قلت، اس کا بجٹ اور بروقت سپلائی کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ ملیریا اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسپرے مہم کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلات طے کی گئیں۔اجلاس میں ایم سی ایچ مراکز، خاص طور پر اورماڑہ اور پسنی کے مراکز کی مرمت اور ضروری اصلاحات کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا جبکہ زیر تعمیر بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) کے ترقیاتی کاموں کی صورتحال پر سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت دی گئی کہ وہ تفصیلی رپورٹ فراہم کریں۔علاوہ ازیں کنٹریکٹ پر خالی اسامیوں کے جلد از جلد ٹیسٹ اور انٹرویو کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی تاکہ صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

اجلاس میں ای پی آئی کوریج کو مزید مؤثر بنانے اور ضلع میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے لیے بہتر منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے نے اپنی خدمات، فیملی پلاننگ کے اقدامات اور کمیونٹی ویلفیئر کے حوالے سے بریفنگ دی، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے انہیں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔