ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کےاجلاس کا انعقاد

98

کوئٹہ۔ 13 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج نصیر احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) بلقیس سلیمان، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر الٰہی بخش بلوچ اور دیگر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد ضلع میں تعلیمی شعبے میں درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر غور کرنا تھا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ضلع میں تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں غیر فعال اسکولز، اساتذہ کی کمی، بنیادی انفراسٹرکچر اور سہولیات کی کمی جیسے اہم نکات شامل تھے۔

اجلاس میں غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کے احکامات جاری کیے گئے اور انہیں سختی سے تنبیہ کی گئی تاکہ تدریسی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ ایس بی کے کے تحت اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی اور جلد از جلد اس عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے ساتھ ساتھ حالیہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر خالی اسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے اور دستاویزات کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت دی کہ نومبر کے آخر تک اسامیوں کی ڈاکومنٹیشن مکمل کی جائے تاکہ ضلع میں تعلیمی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جا سکے۔اجلاس میں زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں جاری تعمیراتی کاموں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس دوران ایڈیٹوریم ہال کی تعمیر کو جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس نے ضلع گوادر میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے، تدریسی معیار میں بہتری لانے اور تعلیمی اداروں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم اٹھایا۔