لاہور۔14نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔
وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے گورنر پنجاب کو ادارے کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔گورنرپنجاب نے بیرسٹر امجد ملک کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں جو ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ اوورسیز پاکستانی پوری دنیا میں اپنی محنت اور لگن سے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کوئی مشکل گھڑی آئی تو بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ آگے بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جان و مال اور جائیداد کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وائس چیئرپرسن اوورسیرز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ضلعی اوورسیز کمیٹیوں اور ایڈوائزریز کے ذریعے بیرون ملک مقیم رول ماڈل اوورسیز پاکستانیز کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں بننے والی کمیٹیوں کو میرٹ اور بہتر انداز میں فعال کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی جانب سے پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔