اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز(نمل) کے شعبہ عربی نے "محمد ﷺ کی دنیا کو بدلنے والی گیارہ قائدانہ اوصاف” کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا۔یہ کتاب نبیل العظمی (مرحوم) کی تصنیف ہے جس کا ترجمہ رافعہ تحسین نے کیا ہے اور کرنل (ریٹائرڈ) طاہر نجیب راجہ، ریجنل ڈائریکٹر میرپور کتاب کے مدیر و نگراں ہیں۔ کتاب میں حضرت محمد (ﷺ) کی قیادت کی انقلابی خصوصیات کو اجاگر کیا گیا ہے جو رہنماؤں اور طلبہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔
جمعہ کو منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شیر افگن تھے، جنہوں نے اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کرنل (ریٹائرڈ) طاہر نجیب راجہ، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر، دیگر معزز مہمانان، اور میزبان شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹر محمد ابو بکر بھٹہ نے بھی اظہار خیال کیا۔کرنل (ریٹائرڈ) طاہر نجیب راجہ نے کتاب کی تیاری کے مراحل پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے اہم کردار پر زور دیا کہ یہ کتاب طلبہ اور رہنماؤں کو دیانت داری، ہمدردی، محنت اور ایمانداری جیسے اوصاف کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔
انہوں نے کتاب کی تیاری میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شیر افگن نے کتاب کے مدیر، کرنل (ریٹائرڈ) طاہر نجیب راجہ، اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا، "قیادت ایک فن ہے جسے پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔” انہوں نے شرکاء کو حضرت محمد (ﷺ) کی بے مثال زندگی کو اپنانے کی تلقین کی اور علم، دیانت داری، اور مثبت رویے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوان نے قومی ترقی کے لیے اتحاد اور عزم کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے نبی کریم (ﷺ) کی ابدی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو ہمدردی، عاجزی، اور امن کو اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا، "حقیقی قیادت نرمی میں پوشیدہ ہے، زبردستی میں نہیں اور تبدیلی کی اصل طاقت شائستگی میں ہے۔ڈاکٹر محمد ابو بکر بھٹہ نے کتاب کے پیغام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب طلبہ، اساتذہ، اور پیشہ ور افراد کو قیادت کے ان اصولوں کو اپنانے کی ترغیب دے گی ۔محمد (ﷺ) کی دنیا کو بدلنے والی گیارہ قائدانہ خصوصیات” قیادت اور ذاتی ترقی کے اصولوں پر رہنمائی کے لیے ایک قیمتی ذریعہ ہے جو حضرت محمد (ﷺ) کی ابدی اقدار پر مبنی ہے۔