ممتاز ادیب افسانہ نگار مسعود مفتی کی برسی کی مناسبت سے تقریب

107

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کاروان ادب اسلام آباد کی طرف سے اسلوب ممتاز ادیب افسانہ نگار، کالم نگار اور مزاح نگار مسعود مفتی کی برسی کی مناسبتسے ”بیاد مسعود مفتی“ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔صدارت فتح محمد ملک نے کی۔

مہمانان خصوصی ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ڈائریکٹر جنرل ،ادارہ فروغ اردو زبان (مقتدرہ قومی زبان )اور رائے ریاض حسین تھے ۔اظہار خیال کرنے والوں میں این بی ایف کے سیکرٹری ایم ڈی مراد علی مہمد ، ڈاکٹر مقصودہ حسین، ڈاکٹر حمیرا اشفاق ، نعیم فاطمہ علوی ، آفاق مفتی (فرزند مسعود مفتی) شامل تھے ۔

نظامت کے فرائض عائشہ مسعود ملک نے ادا کیے۔تقریب میں اسلام آباد راولپنڈی کے اہل قلم ، دانشور ، شاعروں ، ادیبوں ،ماہرین تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بازوق خواتین و حضرات نے شرکت کی اور قومی اور بین الا قوامی شہرت یافتہ ادیب مسعود مفتی کو خراج تحسین پیش کیا۔

نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے سیکرٹری مراد علی نے تقریب کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن ایسی ادبی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ ہم علم و ادب سے متعلقہ محفلیں سجانے اور کتاب دوستی کے جذبے کو آگے بڑھانے کے لئے تقریبات اور کتاب میلوں کا اہتمام کرتے ہیں اور آج کی تقریب کا سلسلہ بھی نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے انہی بھرپور اقدام کی کڑی ہے۔ پروگرام کے آخر میں معزز مہمانوں نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے نیشنل بُک میوزیم، انڈونیشین کارنر، وال آف آنرز اور نیشنل بک شاپ کا دورہ بھی کیا اور این بی ایف کی علمی ادبی سرگرمیوں کو سراہا۔