لاہور۔15نومبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب حکومت کی پہلی سہ ماہی میں خسارے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی اورآفیشل ڈاکو منٹ بھی جاری کردیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر میں پنجاب حکومت 680 ارب کا سر پلس دے گی۔آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ پنجاب کے حوالے سے خسارے کی رپورٹ ٹھیک نہیں ہے۔اس حوالے سے آئی ایم ایف جلد رپورٹ کو اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردے گا۔انکا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پہلے کوارٹر میں40 ارب روپے کا سرپلس دیا ہے۔
آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ پنجاب پہلے کوارٹر میں40 ارب روپے سرپلس میں ہے اور پنجاب حکومت کی 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہے۔ایک میٹنگ میں آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ پنجاب کے حوالے سے جو خسارے کی رپورٹ آ رہی ہے وہ غلط ہے ،اسکو ٹھیک کردیا جائے گا۔وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے خسارے میں جانے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے1952 کے بعد پہلی مرتبہ گندم کا واجب الادا قرض صفر کر دیا ہے۔مریم نواز کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجاب کے قرضوں میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔میڈیا ملکی معیشت پر من گھڑت خبروں سے گریز کرے۔