ٹیکس بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے کسی بھی دبائو کے بغیر ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کی جائے، افتخار علی ملک

154

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے ٹیکس بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے کسی بھی دبائو کا شکار ہوئے بغیر ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور موجودہ ٹیکس دہندگان پر غیر ضروری بوجھ کو کم کرنے کے لیے ٹیکس چوروں سے بقایا ٹیکس واجبات کی وصولی ضروری ہے۔ متمول مافیا کی طرف سے مسلسل ٹیکس چوری کا کلچر قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نادہندگان سے نمٹنے کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقہ کار اپنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص اپنی سماجی یا سیاسی حیثیت کی وجہ سے ٹیکس سے نہ بچ سکے۔ انہوں نے غیر ظاہر شدہ اثاثوں اور چوری شدہ ٹیکس کو سامنے لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا کہ اس سے ٹیکس وصولیوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ایف ٹی او کے قانونی مشیر الماس علی جووندا کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس ٹیکس سکینڈل کو جراتمندانہ طریقے سے بے نقاب کیا۔ افتخار علی ملک نے منصفانہ ٹیکس ڈھانچہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے وسیع تر شراکت کی حوصلہ افزائی ہو گی اور قرضوں اور غیر ملکی امداد پر انحصار کم ہو گا۔