گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر عظیم ادارہ ہے ،پرو فیسر نعیم الحق چوہدری

83

بھکر۔ 18 نومبر (اے پی پی):نیک نیتی ، جہد مسلسل اور محنت سے کا میا بی کا حصول ممکن ہے ،گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر ایک عظیم ادارہ ہے اور اس کی ایک شاندار تاریخ اور روایات ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پرو فیسر نعیم الحق چوہدری ،پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے بی ایس کے نئے سیشن کے آغاز پر بی ایس کے طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ پرو قار تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں بی ایس کے نئے داخل ہونے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک شاندار اور پروقار استقبالیہ و تعارفی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد طلبہ کو کالج کی تاریخ، اس کی شاندار روایات، کارکردگی، اور تعلیمی نظم و ضبط سے آگاہ کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر نعیم الحق چودھری نے کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ ہمارے بچے ہیں، اور ان کے مسائل کو سننا اور حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا میرے دروازے طلبہ کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، اور ہم ان کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔علاوہ ازیں، ہم نصابی، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی کالج نے سرگودھا ڈویژن اور پنجاب سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ان کامیابیوں کو اساتذہ کرام کی محنت اور طلبہ کی لگن کا نتیجہ قرار دیا۔

پرنسپل نے مزید کہاکہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ہم تعلیم، خاص طور پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کرکے اپنے علاقے اور ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔ طلبہ اپنی محنت اور لگن سے اپنے والدین، اپنے اساتذہ اور اپنے ادارے کا نام روشن کریں۔وائس پرنسپل پروفیسر شیخ محمد ذوالفقار علی نے اپنے خطاب میں طلبہ کو کالج کے قواعد و ضوابط، نصاب، اور سمسٹر سسٹم کے بارے میں جامع معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج ہمیشہ طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتا آیا ہے، اور ان کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے۔طلبہ آگے بڑھیں اور محنت کریں ۔